نئی دہلی،4؍اکتوبر(ایس او نیوز؍یو این آئی) ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رواں حج سیزن کے اختتام کے فوراً بعد ہی اگلے حج کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور حج2019کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔آج یہاں اقلیتی امور کے وزیر مسٹر مختار عباس نقوی کی صدارت میں حج 2018کی کامیابی کے بعد جائزہ اور حج2019کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی جس میں اقلیتی امورکی وزارت’’وزرات خارجہ‘‘شہری ہوابازی کی وزارت وزارت صحت اور حج کمیٹی آف انڈیا کے سینئر افسران نیزسعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانہ اور قونصل خانہ کے سینئر افسر شامل ہوئے ۔میٹنگ میں2018میں بغیر سبسڈی کے پہلی مرتبہ حج کو حاجیوں کے حق میں پایا گیا ۔ بچولیوں اور بدعنوانی کے خلاف کا رروائی کا نتیجہ رہا کہ سبسڈی ختم ہونے کے باوجود بھی حج2018غیر ضروری مہنگا نہیں ہونے دیا گیا۔مسٹر نقوی نے کہا کہ برسوں بعد حج2018کے لئے ہوائی جہاز کے کرایے میں ریکارڈ گراوٹ ہوئی ۔2017 میں ایک لاکھ24ہزار حاجیوں کے لئے1030 کروڑ روپے ایرلائنس کمپنیوں کو کرایہ کے طورپر ادا کئے گئے تھے جب کہ2018میں حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سے جانے والے ایک لاکھ 28ہزار702حاجیوں کے لئے973کروڑ روپے دئے گئے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں57کروڑ روپے کم ہیں۔مسٹر نقوی نے حج2018کے کامیاب انعقاد کے لئے سعودی عرب حکومت اور ہندوستان میں تمام متعلقہ ایجنسیوں کومبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کی سلامتی ’’سہولت‘‘صحت خدمات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی طرح کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔